چهارشنبه: 1403/02/5
Printer-friendly versionSend by email
مرقد حضرت زينب(س) كے متعلق ايك استفتاء

بسمہ تعالیٰ 
مرجع عالیقدر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی مد ظلہ الشریف 
السلام علیكم و رحمۃ اللہ
میرا سوال یہ ہے كہ جناب زینب كبریٰ (س) كی قبر مدینہ میں ہے یا شام میں یا مصر میں ؟ اپنی نظر مبارك بیان فرمائیں چونكہ جناب زینب(س) كا شام سے مدینہ لوٹ كر آنے كی كوئی خاص وجہ سمجھ میں نہیں آتی اسلئے كہ جیسے ہی اہلبیت(ع) مدینہ پہنچے عبداللہ بن حنظلہ غسیل الملائكہ اور ان كے اصحاب نے یزید كو خلافت سے معزول كر دیا اور بنی امیہ كو مدینہ سے باہر كر دیا ۔ نیز یہ بھی سوال پیدا ہوتا ہے كہ اگر جناب زینب(س) كی قبر مدینہ میں ہو تو شام اور مصر میں جو قبر آپ سے منسوب ہے وہ كس كی قبر ہے ؟

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 
علیكم السلام و رحمۃ اللہ وبركاتہ 
جناب زینب كی مزار دمشق میں بھی ہے اور قاہرہ میں بھی ہے دونوں ہی مشہور ہیں عبیدلی نسابہ نے اخبار الزینبیات میں آنحضرت كی وفات قاہرہ میں بتائی ہے ۔ بہر حال دو مقام كا منسوب ہونا جبكہ دونوں آج بھی مظہر كرامات و معجزات ہیں ، اس میں كوئی حرج نہیں ہے چونكہ دونوں قبریں اہلبیت علیھم السلام اور جناب زینب(س) سے منسوب ہیں ۔ 
قاہرہ میں ہر سال پہلی رجب سے پندرہ رجب تك بہت بڑا پروگرام مرقد جناب زینب پر ہوتا ہے اور مختلف اقوام كے تقریباً دس لاكھ لوگ اس میں شریك ہوتے ہیں بعض رپورٹروں كے بقول انسان جس چیز كا عقل سے تصور نہیں كر سكتا وہ وہاں مشاہدہ كر سكتا ہے ، دمشق میں بھی شاید آپ خود گئے ہوں ۔ میری نظر میں یہ مزارات اہلبیت علیھم السلام كی حقانیت كا مظہر اور ان كے عظمت كی علامت ہیں ، جیسا كہ امام حسین علیہ السلام كے سر مبارك كی تدفین كے سلسلے میں جو اختلاف پایا جاتا ہے اس میں بھی عقل یہی فیصلہ كرتی ہے یہ بھی امام حسین علیہ السلام كی خصوصیت ہے كہ جو مقامات بھی ان سے منسوب ہیں ہر جگہ انھیں یاد كیا جائے ۔ قاہر میں موجود سر مبارك امام حسین علیہ السلام كی زیارتگاہ اور مسجد امام حسین علیہ السلام جیسا كہ ہم نے متعدد كتابوں میں پڑھا ہے كہ لوگوں كی نظر میں توسل و تبرك كے لحاظ سے وہ مقامات كربلا سے كم نہیں ہیں جامع دمشق میں مقام راس الحسین (ع) لوگوں كی زیارتگاہ اور معجزات كا مظہر ہے ۔ 
رزقنا اللہ زیارۃ جمیع تلك المشاھد والبیوت اللتی اذن اللہ ان ترفع و یذكر فیھا اسمہ یسبح لہ فیھا بالغدو والآصال ۔۔۔

خداوند عالم ہمیں ان تمام مقامات اور گھروں كی زیارت نصیب كرے جن میں صبح و شام ذكر خداوند عالم ہوتا ہے ۔ 

لطف اللہ صافی

 

Thursday / 15 January / 2015