پنجشنبه: 1403/01/9
Printer-friendly versionSend by email
احكام روزہ

س۱۔ اگر كوئی شخص ماہ رمضان المبارك میں سو كر اٹھے اور اسے معلوم ہو كہ اذان كا وقت گزر چكا ہے تو كیا اس كا روزہ صحیح ہے ؟
جواب: ہاں اس كا روزہ صحیح ہے ۔

س۲۔ جو شخص نماز پڑھنے میں كوتاہی كرتا ہے اس كے روزے كا كیا حكم ہے ؟ 
جواب : روزہ ایك دوسرا امر واجب ہے ، نماز نہ پڑھنے والا انسان گنہگار ہے لیكن اس نے جو روزہ ركھا ہے وہ صحیح ہے ۔

س۳۔ اگر ماہ رمضان المبارك میں غلط طریقہ سے قرآن پڑھیں تو روزہ پر كیا اثر پڑے گا (یعنی قرآنی كلمات كو صحیح تلفظ سے ادا نہ كریں) 
جواب : اگر جان بوجھ كر آیات كو غلط نہیں پڑھتا تو كوئی حرج نہیں ہے ، تلاوت قرآن میں تجویدی قواعد كی رعایت واجب نہیں ہے ۔ 
 

سوال ۴۔ جن لوگوں كا كام دریا میں غوطہ لگانا ہے ان كے روزے اور نماز كا حكم بیان فرمائیں ؟ 
جواب : احتیاط واجب كی بنا پر غواصی كا لباس پہن كر پانی میں جانے سے بھی روزہ باطل ہو جاتا ہے لیكن اگر انسان ایسے كیبن میں بیٹھ كر پانی میں جائے جو كمرے كےمانند ہوتا ہے اور انسان كے بدن سے چپكا ہوا نہیں ہوتا تو اس كا روزہ باطل نہیں ہوگا ۔ نماز كے متعلق اگر كوئی انسان غواصی كے لباس میں پانی كے اندر جائے اور باہرنكلنا ممكن نہ ہو وقت تنگ ہو تو پانی كے اندرہی جس قدر ممكن ہو قرائت كرے اور ذكر ركوع و سجود كےساتھ اشارے سے ركوع و سجدہ بھی بجالائے اور احتیاط واجب یہ ہے كہ اس نماز كی بعد میں قضا بھی بجا لائے ۔ واللہ العالم

 

سوال ۵۔ كیا سگریٹ اور حقہ پینے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے ؟ 
جواب: احتیاط واجب كی بنا پر روزہ دار كو سگریٹ اور حقہ  کا دھواں حلق میں نہیں لے جانا چاہئے ۔ 
 

سوال۶۔ اگر سگریٹ پئے اوراس كا دھواں حلق میں نہ لے جائے تو كیا روزہ باطل ہو جائے گا ؟ 
جواب : اگر دھواں حلق میں نہ لے جائے تو روزہ باطل نہیں ہوگا لیكن علی الاعلان سگریٹ نوشی مناسب نہیں ہے لہذا ماہ رمضان كےاحترام میں اس سے پرہیز كرنا چاہئے ۔
 

سوال ۷۔ طاقت اور پن سلین كا انجكشن لگوانےسے كیا روزہ باطل ہو جاتا ہے ؟
جواب : كوئی حرج نہیں ہے ، تمام قسم كے انجكشن ایك طرح ہیں البتہ احتیاط مستحب یہ ہے كہ اسے ترك كر دیا جائے ۔ 
 

سوال ۸۔ اگر كوئی ماہ رمضان میں نماز صبح سے پہلے بیدار ہو جبكہ وہ سوتے وقت محتلم ہو گیا ہو لیكن اس كے لئے اس وقت غسل ممكن نہ ہو تو اس كے روزے كا كیا حكم ہے؟ 
جواب : مفروضہ سوال كی صورت میں اگر مكلف غسل كرنے پر قادر نہیں ہے تو غسل كے بدلے تیمم كر كے روزہ ركھے گا ۔
 

سوال ۹۔ اگر كوئی انسان اپنے عضو تناسل سے چھیڑ چھاڑ كرے اور منی نہ نكلے لیكن بعد میں وہ پیشاب كرے تو اس وقت سفید رنگ كی رطوبت خارج ہو جس میں شك ہے كہ منی ہے یا نہیں تو اس كا روزہ صحیح ہے كہ نہیں اور اگر باطل ہے تو روزے كا كفارہ بھی دینا ہوگا یا نہیں ؟ 
جواب: اگر ایسا كام كرے جس كی وجہ سے عام طور پر منی نكلتی ہے تو اس كا روزہ باطل ہے چاہے انزال ہو یا نہ ہو لیكن مذكورہ فرض كی صورت میں كفارہ كا واجب ہونا معلوم نہیں ہے ۔ واللہ العالم 
 

سوال ۱۰۔ اگر كسی كو نہ معلوم ہو كہ استمنا سے روزہ باطل ہو جاتا ہے حتیٰ یہ بھی نہ جانتا ہو كہ یہ گناہ كبیرہ ہے اور اس عمل كو انجام دے تو كیا اس كا روزہ باطل ہے ؟ اگر باطل ہے تو اس پر كفارہ بھی ہے یا نہیں؟ كفارہ كی مقدار كیا ہوگی ؟
جواب: مذكورہ سوال كی صورت میں روزے كی قضا واجب ہے لیكن كفارہ واجب نہیں ہے ؟ لیكن اگر جاہل مقصر ہو یعنی اس عمل كے ارتكاب كے وقت اسے اس فعل كے حرام ہونے كا احتمال ہو اور وہ كسی سے دریافت نہ كرے تا اسے معلوم ہو كہ استمناء حرام ہے چاہے یہ نہ جانتا ہو كہ اس سے روزہ باطل ہو جاتا ہے اور رمضان المبارك كے دن میں یہ فعل انجام دے تو اس پر كفارہ جمع واجب ہوگا (اس كی تفصیل توضیح المسائل كے مسئلہ نمبر ۱۶۷۴ پر موجود ہے )
 

سوال ۱۱۔ اگر كوئی انسان كلاس میں ہو اور اسے محسوس ہو كہ اس كے دانتوں میں كھانا پھنسا ہے اور وہ تھوڑی دیر صبر كرے تاكہ كلاس ختم ہونے كے بعد اسے منہ سے باہر نكال دے لیكن بعد میں اسے یہ احتمال قوی ہو كہ وہ كھانا تھوك كے ساتھ حلق كے اندر چلا گیا ہے تو كیا اس كا روزہ باطل ہے یا ایسا شخص معذور ہے ؟ 
جواب: مفروضہ صورت میں صرف غذا كے دانتوں میں پھنسے ہونے كے احتمال كی بنیاد پر جب تك كہ وہ تھوك كے ہمراہ حلق كے اندر نہ جائے، اس سے روزہ باطل نہیں ہوتا ہے لیكن ایسے شخص پر ضروری ہے كہ جس طرح بھی ممكن ہو كھانا پیٹ میں نہ جانے دے لیكن اگر وہ صرف احتمال دے كہ كھانا پیٹ میں چلا گیا ہے تو احتمال كی بنیاد پر روزہ باطل نہیں ہوگا ۔

Tuesday / 22 May / 2018