جمعه: 1403/01/31
Printer-friendly versionSend by email
فقہی سوالات اور ان کے جوابات
فقہی سوالات اور ان کے جوابات

فقہی سوالات اور ان کے جوابات

تقلید کے احکام:

ا۔میں ایک مرجع کا مقلد تھا لیکن ان کی وفات کے بعد کسی زندہ مجتہد کی طرف رجوع کئے بغیر میں ان کی تقلید پر باقی رہا۔اب میری کیا ذمہ داری بنتی ہے؟

کسی زندہ اعلم مجتہد کی طرف رجوع کریں اور مردہ مجتہد کی تقلید پر باقی رہنے کے بارے میں ان کے نظریہ کے مطابق عمل کریں۔

۲۔کیا خاندان کا بزرگ اہل خانہ کو اپنے مرجع کی تقلید پر مجبور کر سکتا ہے؟

تقلید کے مسئلہ میں ہر کسی کو اپنی شرعی ذمہ داری کے مطابق عمل کرنا چاہئے اور دوسروں کا کسی خاص شخص کی تقلید کرنے پر مجبور کرنا صحیح نہیں ہے۔

طہارت و نجاست کے احکام:

۳۔عطر یا پرفیوم استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟کیا ان کے بنانے کے لحاظ سے مسلمان اور غیر مسلمان ممالک میں فرق ہے؟

اگر مسلم یا غیر مسلم ملکوں میں بنائے جانے والے عطر یا پرفیوم کی طہارت و نجاست میں شک ہو تو ان پر طہارت کا حکم عائدہو گا۔لہذا ان کا استعمال لباس یا بدن کے نجس ہونے کا باعث نہیں بنتا۔

۴۔اگر کسی نے الکحل سے بنی مشروبات پی ہوں تو کیا وہ باورچی خانہ کے برتنوں سے استفادہ کر سکتا ہے؟

الکحل والی مشروبات نجس و حرام ہیں جو پینے والے کے منہ کو نجس کر دیتی ہیں، پس اگر ہونٹوں کو پاک کرنے سے پہلے کسی دوسرے برتن سے مس ہوں تو وہ برتن بھی نجس ہو جائیں گے۔

۵۔کیا نجس منہ اور ہونٹ ایک گلاس پانی پینے سے پاک ہو جائیں گے؟

ہونٹوں کو پانی سے پاک کرنا چاہئے اور وہ پانی پینے سے پاک نہیں ہوں گے ۔لیکن منہ کا اندرونی حصہ عین نجاست کے زائل ہوجانے سے خود بخود ہی پاک ہو جاتا ہے۔

۶۔زخم پر خشک ہو جانے والا خون نجس ہے یا پاک؟

جی ہاں!انسان اور ہر خون جہندہ رکھنے والے حیوان کا خون نجس ہے اور اس میں فرق نہیں کہ وہ خون ابھی تازہ زخم سے خارج ہوا ہو یا خشک ہو چکا ہو۔

۷۔کیا نماز میں ایک درہم سے کم خون کو بخش دیا گیا ہے اور کیا وہ پاک ہے؟

ایک درہم سے کم مقدار کے برابر خون بھی نجس ہے لیکن اگر نمازی کے لباس یا بدن پر ایک درہم کے برابر خون لگاہو تو اس کی نماز صحیح ہے۔

۸۔انڈے میں موجود خون کا  کیا حکم ہے؟

اگر خون انڈے کی زردی میں ہو تو اس کی سفیدی پاک ہے لیکن اگر خون انڈے کی سفیدی میں ہو تو احتیاظ واجب کی بنا پر اس سے اجتناب کیا جائے۔

۹۔اگر چہرے کے بالوں کوجڑ سے اکھاڑ دیا جائے تو کیا وہ پاک ہیں یا نجس ؟

پاک ہیں۔

۱۰۔اگر نجس لباس کو سورج  کی دھوپ میں خشک کر دیا جائے تو کیا وہ پاک ہو جائے گا یا اسے دھونے کی ضرورت ہے؟

سورج کچھ خاص شرائط کی بناء پر غیر منقول چیزوں کو پاک کرتا ہے جیسے دیوار،دروازہ،کھڑکی وغیرہ ،لیکن لباس اور اس جیسی دوسری منقول چیزیں سورج کے ذریعہ سے پاک نہیں ہوتیں۔

۱۱۔اگر ہاتھ یا بدن کا کوئی حصہ نجس ہو جائے تو اسے آب قلیل سے کیسے پاک کر سکتے ہیں؟

اگر وہ پیشاب سے نجس ہوا ہو تو عین نجاست کے برطرف ہو جانے کے بعد اسے دو مرتبہ پانی سے دھویا جائے اور اگر خون وغیرہ سے نجس ہوا ہو تو عین نجاست کے برطرف ہوجانے کے بعد ایک مرتبہ پانی سے دھویا جائے تو کافی ہے۔

۱۲۔کیا ماہواری کے دوران عورت کے بدن کا پسینہ نجس ہے؟

نہیں؛ماہواری کے دوران عورت کا بدن کا پسینہ نجس نہیں ہے۔

۱۳۔اگر قالین وغیرہ نجس ہو گئی ہو لیکن ہم بھول جائیں کہ قالین کا کون سا حصہ نجس ہوا تھا،اور اگر گیلے پاؤں کے ساتھ اس پر چلیں تو کیا ہمارا پاؤں نجس ہو جائے گا؟

اگر آپ کو یہ یقین نہ ہو کہ آپ کا پاؤں قالین کے نجس حصہ سے مس ہوا ہے تو اس پر طہارت کا حکم عائد ہو گا۔

۱۴۔کیا مکھی یا دیگر حشرات نجاست پر بیٹھنے کے بعد کسی دوسری چیز پر جا بیٹھیں تو کیا یہ ان  چیزوں کے نجس ہو جانے کا باعث بنتا ہے؟

اگر آپ کو حیوان کے ساتھ  عین نجاست کے پاک جگہ منتقل ہونے کا یقین نہ ہو تو ان پر طہارت کا حکم جاری ہو گا۔

۱۵۔ حضرت علی علیہ السلام کو اللہ کہنے والوں کے بارے میں کیا حکم ہے؟

کلی طور پر امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام کو خدا یا خدا کا شریک قرار دینے والے یا ضروریات دین کے منکر کافر و نجس ہیں۔

 

وضو کے احکام

۱۶۔اگر ہاتھ پرقلم کی سیاہی باقی رہے تو کیا اس سے وضو یا غسل میں اشکال پیدا ہوتاہے؟
قلم یا کوئی بھی دوسرا رنگ اگر جسم ہو اور جو پانی کے جلد تک پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ ہو تو اسے برطرف کرنا چاہئے،لیکن اگر وہ صرف رنگ ہے اور جسم نہیں رکھتا مثلاً دھونے کے بعد بھی اس کا اثر باقی ہے تو اس صورت میں وضو یا غسل میں کوئی اشکال نہیں ہے۔

۱۷۔اگر کسی کا کہنی کے اوپر سےدایاں ہاتھ کٹ جائے تو وہ کس طرح وضو اور غسل کرے؟

اس سوال کی رو سے وضو میں چہرا دھونے کے بعد بایاں بازو دھوئے اور اسی ہاتھ سے سر اور دونوں پاؤں کا مسح کرے۔

۱۸۔کیا وضو کے دوران پانی کےنل کو بند کرنے سےوضو میں اشکال ہے؟

نہیں؛ اس میں اشکال نہیں ہے ۔البتہ اگر مسح کی حالت میں وضو کا پانی ،نل کی رطوبت پر غالب نہ ہو اور مسح میں وضو کے پانی کے علاوہ دوسرا پانی بھی مخلوط ہو جائے تو وضو باطل ہو جائے گا۔

۱۹۔اگر ہم وضو کے دوران کوئی چیز کھائیں توکیا  ہمارا وضو صحیح ہے؟

اس  میں کوئی اشکال نہیں ہے ؛لیکن بہتر یہ ہے کہ انسان اعمال وضو پوری توجہ اور زیادہ سے زیادہ حضور قلب کے ساتھ انجام دے۔

۲۰۔کیا اذان سے پہلے وضو  کر سکتے ہیں اور بعد میں اسی وضو سے نماز پڑھ سکتے ہیں؟

طہارت کی نیت سے وضو کرنا مستحب ہے ۔اس بنا پرنماز کے وقت سے پہلے اس نیت سے وضو کر سکتے ہیں  اور پھر نماز کا وقت ہوجانے کے بعد اسی وضو سے نماز پڑھ سکتے ہیں۔

۲۱۔جمہوری اسلامی کے نشان،اللہ ،’’GOD‘‘،اور سید الشہداء    جیسے کلمات کو وضو کے بغیر چھونے کا کیا حکم ہے؟

کلی طور پر خدا ئے متعال کے اسماء کو وضو کے بغیر چھونا جائز نہیں ہے چاہے وہ کسی بھی زبان میں لکھے ہوں۔احتیاط کی بناء  پر پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم  اور ائمہ اطہار علیہم السلام   اور اسی طرح حضرت فاطمۂ زہرا علیہا السلام کے مبارک اسماء  کو وضو کے بغیر مس کرنا جائز نہیں ہے۔ لیکن اگر  اس صورت میں’’ا۔۔۔‘‘ میں لکھا جائے  اور ہمزہ کو لفظ’’اللہ‘‘کے ہمزہ کے عنوان سے لکھا جائے تو بھی اسے طہارت کے بغیر مس کرنا جائز نہیں ہے۔ سید الشہداء  امام کا اسم نہیں ہے لہذا اسے وضو کے بغیر چھونا جائز ہے البتہ توہین اور بے احترامی سے پرہیز کیا جائے۔احتیاط کی بناء پر جمہوری اسلامی کے نشان کو طہارت کے بغیر مس کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

۲۲۔کیا وضو سے پہلے اعضاء   وضو کا خشک ہونا لازم ہے؟
وضو کرنے سے پہلے چہرے اور ہاتھوں کا خشک ہونا لازم نہیں ہے لیکن اعضاء مسح خشک ہونے چاہئیں اور اگر مسح کے اعضاء تر ہوں تو ان کی تری اس قدر کم ہو کہ مسح کی تری ان پر غالب آئے۔

۲۳۔کیا تلاوت قرآن کے لئے کئے گئے وضو سے نماز بھی پڑھ سکتے ہیں؟

جی ہاں؛جب تک وضو باطل نہ ہو تو اسی وضو کے ساتھ آپ نماز اور ہر وہ عمل بجا لا سکتے ہیں کہ جنہیں باوضو انجام دینا چاہئے۔

۲۴۔کیا وضو میں مصنوعی ہاتھ کو دھونا اور مصنوعی پاؤں پر مسح کرنا چاہئے؟

وضو میں مصنوعی ہاتھ کو دھونا اور مصنوعی پاؤں پر مسح کرنا لازم نہیں ہے۔

۲۵۔اگر بالوں پر تیل لگا ہو تو سر پر مسح کرنے کا کیا حکم ہے؟

اگر بالوں پر تیل اس قدر زیادہ نہ ہو کہ جو وضو میں مسح کے دوران بالوں یا سر کے اگلے حصہ پر پانی پہنچے سے مانع ہو  تو اس میں اشکال نہیں ہے۔

غسل کے احکام

۲۶۔کیا غسل کے دوران جسم پر ہاتھ پھیرنا ضروری ہے؟
غسل کے صحیح ہونے میں بدن کے تمام اعضاء  تک اسی ترتیب سے پانی پہنچنا معیار ہے کہ جسے غسل کے احکام میں بیان کیا گیا ہے ۔اگر بدن کے تمام حصوں پر پانی پہنچنے کا اطمینان ہو تو ہاتھ پھیرنا ضروری نہیں ہے۔

۲۷۔اگر کوئی غسل کرنے کے بعد متوجہ ہو کہ اس کے لمبے بالوں کا کچھ حصہ نہیں دھلا کہ جس پر رنگ لگا ہوا تھا تو اس کے غسل کا کیا حکم ہے؟

غسل میں لمبے بالوں کو دھونا واجب نہیں ہے اور اگر سر کی جلد دھوئی گئی ہو تو غسل صحیح ہے۔

۲۸۔اگر غسل کے دوران انسان سے کوئی حدث(مثلاً پیشاب آ جانا وغیرہ)سرزد ہو جائے تو کیا غسل باطل ہے؟

غسل باطل نہیں ہو گا لیکن نماز اور اس جیسے دوسرے امور (کہ جن کے لئے طہارت کی شرط ہے) کے لئے واجب ہے کہ غسل کے بعد وضو بھی کیا جائے۔

۲۹۔میں شک اور وسوسہ کا شکار رہتا ہوں اور غسل میں مجھے یہ یقین نہیں ہوتا کہ کیا بدن کے ہر حصہ کو دھو لیا گیا ہے ،کیا میں غسل کے دوران اپنی بیوی سے مدد لے سکتا ہوں؟

اضطراری حالات کے علاوہ کوئی کسی دوسرے کو وضو یا غسل نہیں کروا سکتا لیکن اگر بیوی صرف دیکھے اور کہے کہ بدن کے کس حصہ تک پانی نہیں پہنچا تو اس میں اشکال نہیں ہے۔

۳۰۔کیا احتیاط کے طور پرکئے گئے غسل جنابت کے ساتھ نماز پڑھ سکتے ہیں؟

اسی صورت میں غسل جنابت کے بعدنماز پڑھ سکتے ہیں کہ جب انسان واقعاً مجنب ہو اور اس نے غسل کیا ہو لہذا احتیاطاً کئے گئے غسل کے ساتھ نماز نہیں پڑھ سکتے۔

۳۱۔کس صورت میں غسل کی بجائے تیمم کر سکتے ہیں؟کیا شرم کی وجہ سے بھی تیمم کرنا جائز ہے؟

شرم کی وجہ سے تیمم نہیں کر سکتے اور احکام الٰہی میں شرمانے کا کوئی معنی نہیں ہے۔جیسا کہ روایت ہے:’’لا حیاء  فی الدین‘‘۔صرف سات موارد میں تیمم کر سکتے ہیں کہ جن کی تفصیل توضیح المسائل میں ذکر کی گئی ہے۔

۳۲۔آپ نے توضیح المسائل میں فرمایا ہے:’’غسل جنابت بذاتہ مستحب ہے‘‘اس سے کیا مراد ہے؟کیا جب بھی ہم حمام میں جائیں تو ایک مستحب غسل جنابت کر سکتے ہیں؟

اس سے یہ مراد ہے کہ اگر کوئی مجنب ہو جائے تو نماز کے وقت سے پہلے اس کے لئے غسل کرنا مستحب ہے لیکن نماز کے وقت کے بعد یا دوسرے امور کو انجام دینے کے لئے (کہ جن میں طہارت کی شرط ہے:جیسے طواف)غسل واجب ہو جائے گا اور اگر کوئی مجنب نہ ہو تو جنابت کے عنوان سے غسل کرنے کا کوئی معنی نہیں ہے اور وہ لغو شمار ہو گا۔

۳۳۔اگر نماز کے وقت سے پہلے غسل جنابت کریں تو کیا اسی کے ساتھ نماز پڑھ سکتے ہیں یا وضو کرنا ضروری ہے؟
اگر مبطلات وضو (جیسے سونا، پیشاب کرنا وغیرہ)میں سے کوئی انجام نہ دیا ہو تو اسی غسل کے ساتھ واجب اور مستحب نماز بجا لا سکتے ہیں اور وضو کرنا ضروری نہیں ہے۔

۳۴۔مجھ پر غسل مس میت واجب تھا لیکن میں غسل کرنا بھول گیا ،ایک دن کے بعد میں مجنب ہوا اور میں نے غسل جنابت کیا،کیا یہی غسل کافی ہے یا غسل مس میت کرنا بھی ضروری ہے؟

غسل جناب تمام دوسرے غسل کے لئے کافی ہے ۔اگرچہ غسل کرتے وقت دوسرے غسل کی طرف متوجہ  بھی نہ ہوں۔

۳۵۔مذکورہ مسئلہ میں میری نماز اور روزہ کا کیا حکم ہے؟

آپ نے غسل مس میت کے بعد اور غسل جنابت سے پہلے جو نمازیں پڑھی ہیں ان کی قضا بجا لائیں لیکن اس دن کا روزہ صحیح ہے اور اس کی قضا نہیں ہے۔

۳۶۔کیا مردہ کی ہڈی کو مس کرنے سے بھی غسل مس میت کرنے کی ضرورت ہے؟

جس  ہڈی پر گوشت نہ ہو اور اسے غسل نہ دیا گیا ہو تواسے مس کرنے کی صورت میں  احتیاط کی بناء  پر غسل  مس میت کرنا چاہئے۔

البتہ میدان جنگ میں درجۂ شہادت پر فائز ہونے والوں کی ہڈی کو مس کرنے کی صورت میں غسل نہیں ہے۔

۳۷۔غسل جمعہ کا وقت کیا ہے؟

غسل جمعہ کا وقت طلوع فجر سے اذان ظہر تک ہے لیکن اگر کسی نے اس وقت تک غسل نہ کیا ہو تو وہ ظہر کے بعد بھی قضا و ادا کی نیت کے بغیر غسل کر سکتا ہے۔

تیمم کے احکام

۳۸۔کیا غسل کے بدلے میں تیمم کے بعد وضو کے بدلے میں تیمم کرنا بھی ضروری ہے؟

غسل جنابت کے بدلے میں تیمم کرنے کے بعد نماز کے لئے وضو یا وضو کے بدلے میں تیمم کرنا لازم نہیں ہے لیکن غسل کی دوسری قسموں میں تیمم کرنے کی صورت میں نماز کے لئے وضو یا وضو کے بدلے تیمم کرنا بھی ضروری ہے۔

۳۹۔اگر کسی نے جنابت میں غسل کی بجائے تیمم کیا ہو تو کیا وہ بعد والی نمازوں کو بھی اسی تیمم کے ساتھ انجام دے سکتا ہے؟

اگر بعد والی نماز کے وقت تک اس کا عذا باقی ہو اور اس کا تیمم بھی باطل نہ ہوا ہو تو دوبارہ تیمم کرنے کی ضرورت نہیں ہےاور اسی تیمم سے نماز پڑھ سکتے ہیں۔

۴۰۔اگرہم  غسل کے بدلے تیمم کرکے نماز پڑھیں تو کیا بعد والی نمازوں کے لئے غسل کرنا چاہئے؟

جب بھی عذر برطرف ہو جائے تو بعد والی نمازوں کے لئے غسل کریں۔

نماز کے احکام نماز

۴۱۔اذان و اقامت کے دوران بات چیت کرنے کا کیا حکم ہے؟

اذان و اقامت کے دوران گفتگو نہ کرنا مستحب ہے۔

۴۲۔اگرریڈیو یا ٹیلیویژن سے  کسی شہر کے افق سے  وقت اذان کا اعلان کریں تو کیا اسی وقت نماز پڑھ سکتے ہیں یا یہ کہ ریڈیو یا مسجد سے اذان کے ختم ہونے کا انتظار کریں؟

نماز شروع کرنے کا معیار یہ ہے کہ نماز کا وقت ہو چکا ہو ۔پس اگر ریڈیو،ٹیلیویژن یا مسجد سے اذان کی آواز سن کر نماز کے وقت کا اطمینان ہو جائے تو اذان ختم ہونے سے پہلے بھی نماز پڑھ سکتے ہیں ۔اگرچہ احتیاط کی رعائت کرتے ہوئے کچھ دیر تأخیر کرنا بالخصوص صبح کی اذان میں مطلوب ہے۔

۴۳۔صبح کے وقت اگر شک کریں کیا سورج طلوع ہو چکا ہے یا نہیں تو کیا نماز ادا کی نیت سے پڑھنی چاہئے یا قضا کی نیت سے؟
نماز ادا کی نیت سے پڑھ سکتے ہیں اور ما فی الذمہ کی نیت سے بھی پڑھ سکتے ہیں یعنی اگر نماز قضا ہو چکی ہو تو قضا اور اگر سورج طلوع نہ ہوا ہو تو ادا کی نیت سے ہو۔

۴۴۔اگر نماز کے بعد شک کریں کہ کیا وضو تھا یا نہیں تو نماز کا کیا حکم ہے؟

نماز کے بعد وضو میں شک پر اعتنا نہ کریں اور نماز صحیح ہے۔

۴۵۔نماز کے دوران دانتوں میں پھنسے غذا کے ذرات کو نگل لینے کی صورت میں نماز کا کیا حکم ہے؟
اس میں کوئی اشکال نہیں ہے۔

۴۶۔اگر نماز کے دوران نمازی کے پاس رومال یا کوئی اور نجس چیز ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟

نماز کے دوران نمازی کے پاس نجس رومال،چابی،چاقو یا نجس پیسے ہونے میں کوئی اشکال نہیں ہے بشرطیکہ ان چیزوں کی نجاست نمازی کے لباس یا بدن تک سرائیت نہ کرے۔

۴۷۔مردوں کے لئے سونے کی زنجیر،انگوٹھی یا منگنی کی چھلا وغیرہ پہننے کا کیا حکم ہے؟

مردوں کے لئے سونا پہننا ہرحال میں حرام ہے اور ان کے ساتھ نماز باطل ہے۔

۴۸۔اگر ایسے لباس کے ساتھ نماز پڑھیں کہ جس پر کچھ مقدار میں خون لگا ہو ،تو اس کا کیا حکم ہے؟

اگر خون کی مقدار ایک درہم (یعنی تقریباً ایک روپیہ کے سکہ کے برابر)سے کم ہو تو نماز صحیح ہے ۔مگر یہ حکم  دماء ثلاثہ (یعنی خون حیض ،نفاس اور خون استحاضہ) کے برخلاف ہے کہ اگر دماء  ثلاثہ میں سے کوئی خون ایک درہم سے کم  بھی ہو تو اس کے ساتھ نماز نہیں پڑھی جا سکتی۔

۴۹۔اگر نماز میں مشغول کسی شخص کا لباس خون آلود ہو تو کیا اسے اس کی اطلاع دینا واجب ہے؟

اسے بتانا لازم نہیں ہے اور اگر اسے اس بارے میں مطلع نہ کیا جائے تو اس کی نماز صحیح ہے لیکن اگر نمازی ایک درہم سے زیادہ خون  کے مقدار کی صورت میں نماز کے باطل ہونے کے بارے میں حکم شرعی کو نہ جانتا ہو  تو بہت سے فقہا کی نظر میں باب ارشاد جاہل(یعنی جو نہیں جانتا اسے حکم شرعی کے بارے میں بتانا)کے عنوان سے مسئلہ کا شرعی حکم بتانا چاہئے۔

۵۰۔کیا تخت پر نماز پڑھنا جائز ہے؟

اگر نماز کے دوران تخت زیادہ حرکت نہ کرے اور اس پر بدن ساکن رہے تو نماز صحیح ہے۔

۵۱۔کچھ اخبارات پر خدا کا اسم لکھا ہوتا ہے اور نماز جمعہ کے دوران انہیں نیچے بچھا کر ان سے استفادہ کیا جائے تو کیا اس میں اشکال ہے؟

کسی بھی ایسی چیز پر بیٹھنا یا کھڑے ہونا حرام ہے کہ جس پر خدا کا اسم لکھا ہو اور اس پر نماز نہیں پڑھنی چاہئے۔

۵۲۔اگر کوئی اس مسئلہ کی طرف متوجہ نہ ہو کہ نماز میں بسم اللہ الرحمن الرحیم اسی سورہ کے قصد سے پڑھنی چاہئے کہ جس سورہ کی تلاوت مقصود ہو،اور اگر کوئی پہلے بسم اللہ پڑھے اور اس کے بعد کسی سورہ کو ذہن میں معین کرے تو کیا وہ اب تک پڑھی جانے والی نمازوں کی قضا بجا لائے؟
اس سوال میں اب تک پڑھی جانے والی نمازوں کی قضا نہیں ہے لیکن بعد والی نمازوں میں اس کی رعائت کرے اور بسم اللہ الرحمن الرحیم اسی سورہ کی نیت سے پڑھے کہ جس کی وہ تلاوت کرنا چاہتا ہے۔

۵۳۔اگر بھولے سے حمد سے پہلے سورہ پڑھ لے تو کیا اس صورت میں سجدہ سہو واجب ہے؟
نہیں؛ اس صورت میں سجدہ سہو واجب نہیں ہے لیکن سورۂ حمد پڑھنے کے بعد پھر ایک مکمل سورہ پڑھی جائے۔

۵۴۔کیا نمازمیں سورہ’’قل ھو اللہ احد‘‘ کی بجائےقرآن کا کوئی اور سورہ پڑھ سکتے ہیں ؟نیز قرآن کے وہ  کون سےچار سورہ ک ہیں کہ  جنہیں نماز میں تنہا نہیں پڑھ سکتے بلکہ ان کے ساتھ دوسرا سورہ پڑھنا چاہئےاور انہیں کس طرح سے پڑھنا چاہئے؟

نماز میں قل ھو اللہ احد کی بجائے قرآن کے ان چار سوروں یعنی سورۂ انشراح،،سورۂ الضحی، سورۂ فیل اور سورۂ ایلاف کو تنہا طور پر پڑھنا کافی نہیں ہے  بلکہ نماز میں سورہ الضحی اور سورۂ الم نشرح اور اسی طرح سورۂ  فیل اور سورۂ ایلاف  ایک سورہ شمار ہوتے ہیں۔

۵۵۔اگر کوئی تیزی سے سجدہ میں جائے اور اس کا سر دو مرتبہ سجدہ گاہ پر لگے تو اس کا کیا حکم ہے؟
اگر سر غیر اختیاری طور پر سجدہ گاہ سے اٹھے اور غیر اختیاری طور پر دوبارہ سجدہ گاہ پر لگے تو یہ ایک ہی سجدہ شمار ہو گا اور نماز صحیح ہے ۔لیکن اگر سجدہ گاہ سے سر اٹھنے کے بعد اسے دوبارہ سجدہ گاہ کی طرف جانے سے روک سکتا ہو تو اسے چاہئے کہ دوبادہ سجدہ میں جانے سے اجتناب کرے اور اسے ایک سجدہ شمار کرتے ہوئے(حتی اگر ذکر سجدہ بھی نہ پڑھا ہو) بیٹھ جائے اور پھر سجدہ میں جائے اور اسے دوسرا سجدہ شمار کرے۔

۵۶۔اگر نماز کے دوران بچہ سجدہ گاہ اٹھا لے تو کیا کرنا چاہئے؟

اگر ایسی کوئی چیز پاس ہو کہ جس پر سجدہ کرنا صحیح ہے تو اسی پر سجدہ کرے  ورنہ اگر وقت وسیع ہو تو نماز توڑ کر دوبارہ کسی ایسی چیز کے ساتھ نماز پڑھے کہ جس پر سجدہ کرنا صحیح ہے ،لیکن اگر نماز کا وقت تنگ ہو کہ نماز قضا ہو جائے تو اپنے لباس پر سجدہ کرے اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو ہاتھ کی پشت پر سجدہ کرے۔

۵۷۔اگر سجدہ گاہ پر پیشانی رکھتے وقت سجدہ گاہ اور پیشانی کے درمیان سر کے کچھ بال یا چادر حائل ہو جائے تو کیا کرنا چاہئے؟

سجدہ گاہ سے  پیشانی اٹھائے بغیربالوں یا چادر کو اس طرح سے ہٹائے کہ اضافی سجدہ نہ ہواور پھر سجدہ گاہ پر پیشانی مستقر ہو جانے کے بعد ذکر سجدہ کہے ۔لیکن اگر پیشانی کی اتنی مقدار سجدہ گاہ پر ہو کہ جو سجدہ کے دوران ضروری ہوتی ہے تو بالوں یا چادر کو ہٹانا ضروری نہیں ہے۔

۵۸۔کیا قرآن کا واجب سجدہ  کرنے کے لئے خواتین کا باحجاب ہونا ضروری ہے یا نہیں؟

اگر قرآن کے واجب سجدہ میں بدن کے وہ سات اعضاء زمین پر ہوں ،پیشانی سجدہ گاہ پر ہو تو کافی ہے ،حجاب کی رعائیت کرنا،باوضو ہونا اور قبلہ رخ ہونا لازم نہیں ہے۔

۵۹۔اگر کوئی آیۂ سجدہ کو ذہن میں دہرائے لیکن زبان پر جاری نہ کرے ،مثلاً قرآن میں آیۂ سجدہ دیکھے تو کیا اس پر سجدہ واجب ہو گا؟

صرف ذہن میں تصور کرنا سجدہ کے واجب ہونے کا باعث نہیں بنتا۔

۶۰۔کیا مستحب سجدوں میں بھی واجب سجدوں کی شرائط کی رعائت کرنی چاہئے؟

مستحب سجدوں جیسے سجدۂ شکر، میں واجب سجدے کی شرائط کی رعائت کرنا ضروری نہیں ہے۔

۶۱۔کیا فارسی(یا اردو وغیرہ)میں دعا قنوت پڑھ سکتے ہیں؟

عربی کے علاوہ دوسری زبان میں قنوت پڑھنے میں کوئی اشکال نہیں ہے ۔اگرچہ قنوت کا وظیفہ انجام نہیں پائے گا۔

۶۲۔کیا نماز میں قنوت ترک کرنے میں کوئی اشکال ہے؟

قنوت مستحب ہے اور نماز میں اسے عمداً یا سہواً ترک کرنے سے نماز باطل نہیں ہوتی ہے۔

۶۳۔کیا قنوت کی حالت میں انگوٹھی کو گھماکر کف دست کی طرف کرنا اور اسے دیکھنا مستحب ہے؟

نماز میں عقیق کی انگوٹھی پہننا اور قنوت کی حالت میں کف دست کی طرف دیکھنا مستحب ہے ۔لیکن انگوٹھی کوگھماکر اسے دیکھنے کے بارے میں کوئی دلیل نہیں ملی۔

۶۴۔کیا صرف نماز کے آخری سجدہ میں’’یا ولی العافیۃ۔۔۔۔‘‘پڑھ سکتے ہیں؟
مذکورہ دعا اور اس کے علاوہ کوئی بھی دوسری دعا نماز کے تمام سجدوں میں پڑھ سکتے ہیں اور یہ صرف نماز کے آخری سجدہ سے مخصوص نہیں ہے بلکہ قیام ،قعود اور رکوع کی حالت میں بھی دعا پڑھنا جائز ہے۔

۶۵۔اگو کسی کو تیسری رکعت میں یاد آئے کہ وہ تشہد پڑھنا بھول گیا ہے تو اسے کیا کرنا چاہئے؟

اگر رکوع میں جانے سے پہلے یاد آ جائے کہ اس نے تشہد نہیں پڑھا تو بیٹھ جائے اور تشہد پڑھے اور پھر دوبارہ تیسری رکعت پڑھے،اور اگر رکوع میں یا رکوع کے بعد متوجہ ہو کہ تشہد نہیں پڑھا تو نماز ختم کرنے کے بعد بھولے ہوئے تشہد کی قضا بجا لائے اور دونوں صورتوں میں نماز کے بعد دو سجدۂ سہو بجا لائے۔

۶۶۔اگر کوئی شخص نا دانستہ طور پر تسبیحات اربعہ تین مرتبہ سے زیادہ پڑھے تو کیا اس کی نماز باطل ہے؟

اس کی نماز صحیح ہے۔

۶۷۔اگر کوئی تسبیحات اربعہ کی بجائے سورۂ حمد پڑھنا شروع کر دے تو اسے کیا کرنا چاہئے؟

اگر سہواً سورۂ حمد پڑھنا شروع کیا ہو تو اسے چھوڑ کر دوبارہ سے توجہ کے ساتھ صرف سورۂ حمد یا تسبیحات اربعہ پڑھے ،لیکن اگر اسے رکوع میں یاد آئے تو اس کی نماز صحیح ہے۔

۶۸۔اگر نماز ظہر کے دوران شک کرے کہ کیا ظہر کی نماز کی نیت کی ہے یا عصر کی نماز کی ،تو اس کا کیا حکم ہے؟

ظہر کی نیت سے نماز  ختم کرے،اور نماز صحیح ہے۔

۶۹۔اگرچار رکعتی نماز میں تسبیحات اربعہ پڑھتے وقت شک کرے کہ کیا تین رکعت پڑھی ہیں یا چا رکعت ،تو اس کا کیا حکم ہے؟

جب بھی نماز میں تین اور چار رکعت کے درمیان شک ہو (اگر تفکر و تأمل کرنے کے بعد بھی کسی ایک طرف کے بارے میں ظن نہ ہو) تو چار پر بناء رکھتے ہوئے نماز تمام کرے اور پھر نماز کے بعد کھڑے ہو کر ایک رکعت اور بیٹھ کر دو  رکعت نماز احتیاط بجا لائے تو نماز صحیح ہے۔

۷۰۔جن لوگوں کا نماز کے دوران خیال بھٹک جاتا ہے اور وہ شک کرتے ہیں ،انہیں کیا کرنا چاہئے؟

نماز میں عموماً  ذہن کسی اور طرف  جانے سے نماز باطل نہیں ہوتی اگرچہ اس کا  اہمیت کم ہو جاتی ہے ۔نماز میں حضور قلب  کے لئے مناسب زمان و مکان ،نماز اوّل وقت ،خلوت اور نماز جماعت میں شرکت کی تاکید کی گئی ہے۔نماز کے مقدمات کی جانب توجہ کرنا( جیسے وضو میں تازہ دم ہونا ،اذان و اقامت کہنا،دیگر مستحبات انجام دینا،نوافل بجا لانا،نماز کے مفاہیم کی طرف توجہ کرنا،خود کو خدا کے حضور میں پانا)خشوع و خضوع کے لئے مؤثر ہے، اور حضور ذہن کا باعث ہے۔

۷۱۔اگر ہمارا ذہن نماز کی طرف نہ ہو تو کیا ہم نماز توڑ کر اسے دوبارہ پڑھ سکتے ہیں؟

واجب نماز کو توڑنا اور اسے دوبارہ پڑھنا جائز نہیں ہے،مگر یہ کہ آپ کا ذہن اس قدر بھٹک جائے کہ آپ نماز کی طرف متوجہ ہی نہ ہوں۔

۷۲۔مجھے عصر کی نماز پڑھتے ہوئے یقین ہو گیا کہ میں نے ظہر کی نماز نہیں پڑھی تو کیا نماز کو مکمل کرنا ضروری ہے یا میں نماز توڑ کر ظہر کی نماز پڑھوں؟

اس مورد میں ضروری ہے کہ آپ وہیں سے نماز ظہر کی نیت کریں اور نماز مکمل کریں۔اسی طرح اگر عشا ء کی نمازکے دوران متوجہ ہوں کہ مغرب کی نماز ادا نہیں کی اور نماز مغرب کی طرف عدول کرنے کا وقت بھی نہ گذرا ہو یعنی چوتھی رکعت کے رکوع میں نہ گئے ہوں تو ضروری ہے نماز مغرب کی نیت سے نماز مکمل کریں۔

۷۳۔میں ظہر کی نماز پڑھنا چاہتا تھا لیکن غلطی سے عصر کی نماز کی نیت کر لی، تو اس کا حکم کیا ہے؟

اگر آپ ظہر کی نماز پڑھنے کا ارادہ رکھتے تھے اورآپ نے  غلطی سے کہا کہ میں عصر کی نماز پڑھتا ہوں یعنی آپ نے تطبیق میں غلطی کی ہے اور بعد میں آپ متوجہ ہو گئے تو آپ کی نماز صحیح ہے ۔لیکن آپ نے واقعاً عصر کی نماز کا ارادہ کیا ہو اور نماز کے دوران متوجہ ہوں کہ آپ نے ظہر کی نماز نہیں پڑھی تو وہیں نماز عصر کی نیت سے عدول کرتے ہوئے نماز ظہرکی نیت کریں اور ظہر کے عنوان سے نماز مکمل کریں۔

۷۴۔کیانماز کے سلام کے بعد بلا فاصلہ نماز احتیاط پڑھنی چاہئے؟
جی ہاں!نماز کے سلام کے بعد کوئی ایسا کام انجام دیئے بغیر کہ جس سے نماز باطل ہو جائے جیسے منہ قبلہ کی جانب سے موڑ لینا،بلا فاصلہ نماز احتیاط پڑھنی چاہئے۔

قصر نماز کے احکام

۷۵۔اگر حکم شرعی نہ جاننے کی وجہ سے پوری نماز کو قصر اور قصر نماز پوری پڑھی جائے تو اس صورت میں کیا کرنا چاہئے؟

اگر مسئلہ نہیں جانتے تھے اور آپ نے قصر کی بجائے  پوری نماز پڑھی ہو تو اس کی قضا نہیں ہے لیکن اگر پوری نماز کی بجائے قصر نماز پڑھی ہو تو نماز باطل ہے۔

۷۶۔حد ترخص کی وضاحت فرما دیں؟

حد ترخص  کسی جگہ کا وہ نزدیک ترین مقام ہے کہ  جہاں اس شہر کی اذان سنائی نہیں دیتی اور شہر کی دیواریں دکھائی نہیں دیتیں۔

۷۷۔اگر کسی شخص کو بیہوشی کی حالت میں علاج معالجہ کے لئے کسی دوسرے  شہر منتقل کر دیا جائے اور ڈاکٹر ہسپتال میں اسے دس دن سے کم دن رکھنا تجویز کریں تو ہوش میں آنے کے بعد وہ جتنے دن ہسپتال میں رہے ،اس کی نماز پوری ہو گی یا قصر؟

مسافر کی نمازکے قصر ہونے کی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ وہ  سفر کے آغاز سےہی آٹھ فرسخ سفر کا قصد کرے۔اس بناء پر جس شخص کو بیہوشی کی حالت میں کسی دوسرے شہر منتقل کیا گیا ہو تو چونکہ اس نے سفر کا قصد نہیں کیا تھا لہذا وہ اس شہر میں پوری نماز پڑھے گا اگرچہ وہ وہاں دس دن سے کم ہی کیوں نہ رہے۔

نماز جماعت کے احکام

۷۸۔اگر کوئی عمداً امام جماعت سے پہلے رکوع یا سجود سے سر اٹھا لے تو کیا اس کی نماز باطل ہے؟

اگر مأموم نماز کے افعال (جیسے رکوع اور سجود  ) کو عمداً امام جماعت سے پہلے انجام دے تو اس کی نماز صحیح ہے لیکن اس نے گناہ و معصیت کی ہے۔

۷۹۔اگر سہواً امام جماعت سے پہلے رکوع سے کھڑے ہو جائیں تو کیا کرنا چاہئے؟
اگر امام جماعت رکوع میں ہو تو واپس رکوع میں چلے جائیں اور امام کے ساتھ رکوع سے سر اٹھائیں لیکن اگر آپ واپس رکوع میں جائیں اور آپ کے رکوع میں پہنچنے سے پہلے ہی امام جماعت رکوع سے  سر اٹھا لے تو آپ کی نماز باطل ہے۔

قضا نمازوں کے احکام

۸۰۔کیا قضا نمازوں میں بھی جہر و اخفا(بلند اور آہستہ آواز) کی رعائت کرنی چاہئے؟
قضا نماز آہستہ اور بلند آواز سے پڑھنے کے لحاظ سے ادا نماز کی طرح ہےیعنی اگر ظہر اور عصر کی نماز ہو تو ان کی قضا میں بھی حمد اور سورہ کو آہستہ آواز سے پڑھنا چاہئے اور صبح یا مغرب و عشا ءکی نمازوں کی قضا میں مردوں کو حمد اور سورہ بلند آواز سے  پڑھنا چاہئے۔

۸۱۔بالغ ہونے کے بعد میں نے کچھ نمازیں صحیح طور سے نہیں پڑھیں ،اب کس طرح سے ان کی قضا بجا لاؤں؟
جتنی نمازوں کے بارے میں آپ کو یقین ہے کہ آپ نے وہ نمازیں صحیح طور سے نہیں پڑھیں،ان کی قضا بجا لائیں  اور آپ قضا  نمازیں تدریجاً سے بھی انجام دے سکتے ہیں۔

۸۲۔میری کچھ نمازیں اور روزے قضا ہیں ،کیا میں انہیں بجا لانے کے لئے کسی کو اجیر کر سکتا ہوں؟

نہیں!زندہ شخص اپنی نمازوں اور روزے کی قضا کے لئے کسی کو اجیر نہیں کر سکتا اور لازم ہے کہ وہ اپنی قضا نمازیں اور روزے خود   تدریجاً بجالائے۔

۸۳۔کیا ماں باپ کی قضا نمازیں سب سے بڑے بیٹے پر واجب ہیں؟
اگر کسی عذر کی وجہ سے باپ اپنی نماز  اور روزہ نہ بجا لایا ہو تو باپ کی وفات کے بعد سب سے بڑے بیٹے پران کی قضا بجا لانا واجب ہے ،یا وہ انہیں انجام دینے کے لئے کسی کو اجیر کرے ،اگر باپ ان کی قضا نہ بجا لاسکا ہو یا احتیاط کی بناء پر اگر نافرمانی کی وجہ سے ہی نماز یا روزہ ترک کر دیا ہو تو بیٹے پر واجب ہے کہ ان کی قضا بجا لائے  یا ان کی قضا بجا لانے کے لئے کسی کو اجیر کرے۔ احتیاط واجب کی بناء پر ماں کے متعلق بھی اسی حکم کی  رعایت کی جائے۔

۸۴۔اگر میں قضا نماز آیات کی تعداد کو بھول جاؤں تو انہیں کس طرح سے بجالاؤں؟

جن نمازوں کے بارے میں یقین ہو ان کی قضا بجا لائیں اور جن کے بارے میں شک ہو ان کی قضا بجا لانا ضروری نہیں ہےاور اگر ان نمازوں کے سبب بھی مختلف ہوں مثلاً ایک نماز زلزلہ کی وجہ سے ہو ،ایک سورج گرہن، چاند گرہن یا کالی و سرخ آندھی کی وجہ سے ہو،تو قضا کے وقت انہیں معین کرنا احتیاط کے مطابق ہے۔

۸۵۔میری قضا نمازیں بہت زیادہ ہیں اور میں ان کی تعداد نہیں جانتا،کیا میں ان کی قضا بجالانے کی بجائے کوئی اور عمل انجام دے سکتا ہوں کہ جو ان کی تلافی و جبران کر سکے؟

کوئی عمل بھی قضا نماز کا جبران و تلافی نہیں کر سکتا مگر یہ کہ خود نماز کی قضا بجا لائی جائے۔اس بناء پرجن نمازوں کے بارے میں آپ کو یقین ہے کہ وہ آپ سے   قضا ہوئی ہیں ،ان  نمازوں کی قضا تدریجاً بجالانے کی کوشش کریں ۔مثلاً آپ ہر دن ایک  نماز کی ساتھ ایک قضا نماز بھی بجا لائیں یا رات کو سونے سے پہلے کچھ قضا نمازیں بجا لائیں۔

محکم ارادہ ہو تو اس عمل کو انجام دینا زیادہ سخت و دشوار  نہیں ہے ۔خداوند متعال آپ کو شرعی احکام انجام دینے میں کامیاب فرمائے۔

۸۶۔آپ نے فرمایا:’’ کوئی عمل بھی قضا نماز کا جبران و تلافی نہیں کر سکتا مگر یہ کہ خود نماز کی قضا بجا لائی جائے‘‘لیکن کتاب’’گنج ھای معنوی‘‘ میں ایک روایت ذکر ہوئی ہے کہ اگر کوئی سوموار کی رات ۵۰ رکعت نماز پڑھے اور اس دن روزہ رکھے اور سوموار کے دن ظہر کے وقت بھی ۵۰ رکعت نماز پڑھے اور اس کے بعد سو مرتبہ استغفار کرے تو یہ عمل سو سال کی قضا نمازوں کے برابر ہے،کیا یہ روایت صحیح ہے؟

قضا نمازوں کے وجوب پر تمام فقہاء متفق ہیں۔اگر مذکورہ روایت میں سند کے اعتبار سے مشکل نہ ہو  تو بھی اس پر فقہا ءنے عمل نہیں کیا اور مذکورہ نماز قضا نمازوں کا جبران نہیں کرتی۔اس کے علاوہ ممکن ہے کہ روایت کا معنی یہ ہو ان نمازوں کا ثواب سو سال کی قضا نمازوں کے برابر ہے نہ کہ یہ قضا نمازوں کی جگہ شمار ہو گی۔

۸۷۔اگر کسی مورد میں یہ معلوم ہو جائے کہ کسی شخص نے غسل صحیح طریقہ سے انجام نہیں دیا تو وہ اپنی نمازوں کی قضا بجا لائے لیکن اس کا روزہ صحیح ہے اور روزہ کی قضا نہیں ہے۔اس کی کیا وجہ ہے؟
نماز میں طہارت(یعنی وضو یا غسل)شرط واقعی ہے ۔اس بناء پر جب بھی متوجہ ہوں کہ نمازصحیح طہارت کے بغیر انجام دی گئی ہے  تو دوبارہ نماز پڑھی جائے یا اس کی قضا بجالائی جائے۔لیکن روزہ میں جنابت و حیض سے طہارت شرط ذکری ہے اور جنابت و حیض پر عمداً باقی رہنا مبطل روزہ ہے اور اگر کسی نے اپنا غسل صحیح طور سے انجام نہ دیا ہو  تو ظاہراً اس نے اپنی ذمہ داری کو انجام دیا اور اس نے سمجھا کہ اس کی مسؤلیت ختم ہو گئی  اور اب وہ جنابت پر عمداًباقی نہیں ہے۔

۸۸۔اگر کوئی شخص بڑھاپے یا بیماری کی وجہ سے کھڑے ہو کر نماز نہیں پڑھ سکتا اور وہ بیٹھ کر نمازیں پڑھتا ہو تو کیا وہ اپنی قضا نمازیں بھی بیٹھ کر پڑھ سکتا ہے  یا یہ کہ اس کی موت کے بعد وہ نمازیں انجام دی جائیں؟

مذکورہ سوال میں واجب ہے کہ انسان اپنی قضا نمازیں خود بجا لائے اگر چہ وہ اپنی یہ نمازیں بیٹھ کر بھی بجالائے تو کافی ہے اور  اس کی موت کے بعد باقی رہ جانے والی قضا نمازوں کو اس کے لئے انجام دیا جائے۔

۸۹۔اگر کوئی ظہر سے پہلے سو جائے اور اذان مغرب تک بیدار نہ ہو تو کیا نماز ظہر و عصر کی قضا اس پر واجب ہے؟

سو جانے کی وجہ سے نماز نہ پڑھنے کی صورت میں ان کی قضا بجالانا واجب ہے۔

نماز جمعہ  کے احکام

۹۰۔کیا نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران تسبیح،صلوات اور تلاوت قرآن جیسے عمل انجام دے سکتے ہیں؟

نماز جمعہ کے خطبہ کو خاموشی سے سننا احتیاط کی بناء پر واجب ہے۔نماز جمعہ کا خطبہ نہ سننا اور گفتگو کرنا نماز جمعہ کو باطل نہیں کرتا۔ لیکن اگر خطبہ سننے کے ساتھ ساتھ ذکر بھی کریں  تو اس میں کوئی اشکال نہیں ہے۔

۹۱۔اگر نماز جمعہ کے خطبہ تک نہ پہنچ پائیں اور نماز جمعہ کی پہلی رکعت میں اقتدا کریں تو کیا نماز جمعہ صحیح ہے یا خطبہ کی بجائے دو رکعت نماز اور بھی پڑھی جائے؟

مذکورہ سوال کی رو سے کہ جب آپ نے نماز جمعہ کی پہلی رکعت کے رکوع میں اقتدا کی ہو تو نماز صحیح ہے  اور خطبہ کی بجائے دو رکعت مزیدنماز پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔

۹۲۔نماز جمعہ کے وقت نماز ظہر اور عصر کو اوّل وقت پڑھ سکتے ہیں؟

جی ہاں! اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔اگرچہ بہتر یہ ہے کہ اگر کسی جگہ نماز جمعہ ہوتی ہو تو نماز جمعہ کے اختتام تک نماز ظہر پڑھنے میں تأخیر کی جائے۔

۹۳۔ایک شخص کچھ عرصہ تک نماز جمعہ میں شرکت کرتا تھا اور نماز ظہر نہیں پڑھتا تھا ،اب وہ متوجہ ہوا کہ اس کے مرجع  تقلید فرماتے ہیں: ’’احتیاط کی بناءپر نماز جمعہ کے بعد نماز ظہر بھی پڑھی جائے‘‘اب اسے کیا کرنا چاہئے؟جمعہ کے دن نماز ظہر کی قضا بجا لائے یا جمعہ کے دن نماز ظہر و عصر کی قضا بجا لائے۔۔۔؟

اگر اس احتیاطی مسئلہ میں کسی دوسرے مرجع کی طرف رجوع کرے کہ جو نماز ظہر کی بجائے نماز جمعہ کو ہی کافی سمجھتے ہوں تو گذشتہ نماز ظہر کی قضا کی ضرورت نہیں ہے اور آئندہ بھی نماز ظہر کو اعادہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

نماز کے متفرق احکام

۹۴۔مختلف حالات( جیسے چلتے ہوئے ،بیٹھتے وقت،کام کرتے ہوئے) میں نافلہ نماز  کس طرح سے پڑھی جائے؟اور ان کا رکوع و سجدہ کس طرح سے بجالایا جائے؟

نافلہ نماز کسی بھی حالت میں پڑھنا صحیح ہے ،راستہ میں چلتے ہوئے اس کا رکوع اور سجدہ اشارہ سے انجام دیا جائے۔

۹۵۔کیا نماز شب کے لئے بھی اذان و اقامت ہے؟

جی نہیں! مستحب نمازوں کے لئے اذان و اقامت نہیں ہے  اور روزانہ کی واجب نمازوں میں بھی اذان و اقامت مستحب ہے۔

۹۶۔اس حدیث’’من ترک الصلاۃ متعمداً فقد کفر‘‘ (یعنی جس نے جان بوجھ کر نماز ترک کی پس وہ کافر ہو گیا)کی رو سے کیا عمداً نماز ترک کرنے والے کافر ہیں ؟

نماز کو ترک کرنے کے سلسلہ میں جس کفر کا ذکر ہوا ہے وہ کفر عملی ہے ؛یعنی گناہ و نافرمانی میں مبالغہ کو بیان کیا گیا ہے اور اس سے کفر اعتقادی مراد نہیں ہے ۔لہذا اس کے احکام بھی نہیں ہیں۔

۹۷۔اگر کوئی شخص نماز نہ پڑھتا ہو تو اس کے ساتھ رفت و آمد اور کھانے پینے کا کیا حکم ہے؟
اگر وہ نماز کو اہمیت نہ دینے کی وجہ سے نماز نہ پڑھتا ہو تو بھی یہ اس کے لئے کفر اور نجاست کا باعث نہیں بنتا اوراگر اس پر آپ  کی رفت و آمد کے اثرانداز ہونے کا احتمال ہو تو اس  میں کوئی حرج نہیں ہے۔

۹۸۔کیا بالغ ہونے سے پہلے پڑھی جانے والی نمازیں بالغ ہونے کے بعد قضا ہو جانے والی نمازوں کی جگہ شمار ہوتی ہیں؟
بالٖغ ہو جانے کے بعد جن نمازوں کو ادا نہیں کیا گیا ،ان کی قضا بجالانا واجب ہے اور بالغ ہونے سے پہلے پڑھی جانے والی نمازیں بالغ ہو جانے کے بعدقضا ہو جانے والی نمازوں کی جگہ شمار نہیں ہوتیں۔

۹۹۔سفر کے دوران میں نے ایک مسجد میں نماز پڑھی اور بھولے سے سجدہ گاہ اپنے ساتھ لے آیا۔اب مجھے اسے بارے میں کیا کرنا چاہئے؟
کسی مسافر یا ڈاک کے ذریعہ سجدہ گاہ واپس اسی مسجد میں پہنچا دیں ۔کسی خاص مسجد کے نمازیوں کے لئے وقف کی گئی سجدہ گاہ کے ساتھ اس مسجدکے باہر نماز پڑھنا صحیح نہیں ہے۔

۱۰۰۔مستحبات کی رعایت کئے بغیر اوّل وقت نماز بہتر ہے یا مستحبات کی رعایت کے ساتھ تأخیر سے نماز پڑھنا بہتر ہے؟
نماز اوّل وقت اگرچہ مختصر اور تعقیبات کے بغیر ہو،نماز آخر وقت سے بہتر ہے۔ اور جماعت کے ساتھ تیزی سے پڑھی جانے والی نماز فرادیٰ طولانی نماز سے بہتر ہے۔

۱۰۱۔اوّل وقت اور فرادیٰ نماز پڑھنا بہتر ہے یا کچھ تأخیر سے جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا بہتر ہے؟

جماعت سے نماز پڑھنا بہتر ہے اگرچہ اوّل وقت میں کچھ تأخیر ہو جائے۔

۱۰۲۔کیاجنابت یا ماہواری کی حالت میں نماز میت پڑھ سکتے ہیں؟

جی ہاں!نماز میت پڑھ سکتے ہیں اور نماز صحیح ہے۔اگرچہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ نماز میت میں بھی ان تمام امور کی رعایت کی جائے کہ جن کی دوسری نمازوں میں رعایت کی جاتی ہے۔

۱۰۳۔اگر ہمیں سورج گرہن اور چاند گرہن کا علم نہ ہو اور کسی دوسرے شخص سے ہمیں اس بارے میں خبر ملے تو کیا نماز آیات واجب ہے؟

اگر سورج یا چاند گرہن کے وقت متوجہ نہ ہوں، لیکن سورج اور چاند گرہن کے ختم ہو جانےکےبعد ان کے بارے میں مطلع ہوں  تو اس صورت میں اگر سورج اور چاند گرہن پورا نہ ہو تو آپ پر نماز آیات واجب نہیں ہے۔

۱۰۴۔سفر کے دوران روزہ نہ رکھنے اور نماز قصر ہونے کی کیا وجہ ہے؟

سفر کے دوران نماز کاقصر ہونا اور روزہ کا واجب نہ ہونا حکم امتنانی ہے۔شاید اس کی حکمتوں میں سے ایک حکمت یہ ہو کہ سفر کے دوران کچھ نہ کچھ مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے،لہذا خدا نے لوگوں کی آسانی اور سہولت کے لئے کچھ احکام میں تخفیف دی ہے۔

۱۰۵۔اگر نماز کے وقت باپ کو بیٹے سے کوئی کام ہو اور وہ اسے آواز دے تو بیٹے کو کیا کرنا چاہئے؟
اگر نماز کا وقت تنگ ہو تو نماز پڑھنی چاہئے اور نماز پڑھنے کے بعد باپ کا کام انجام دے اور اگر نماز کا وقت وسیع ہو تو باپ کے کام کو مقدم کر سکتا ہے۔جی ہاں! اگر باپ کے حکم میں تأخیر کرنا ان کی رنجش کا باعث بنے تو نماز کے وقت کے وسیع ہونے کی صورت میں باپ کے حکم کو مقدم رکھنا چاہئے۔

۱۰۶۔عید الفطر اور عید قربان کی نماز واجب ہے یا مستحب؟

امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے زمانۂ غیبت میں نماز عید مستحب  ہے۔

احکام روزہ

۱۰۷۔اگر ماہ رمضان میں انسان یہ سوچے کہ وہ اذان صبح سے پہلے غسل کرلے گا،لیکن وہ غسل نہ سکے تو کیا اس کا روزہ صحیح ہے؟

اگر وہ غسل نہ کرے اور وقت تنگ ہونے کی صورت میں اذان صبح سے پہلے غسل کے بدلے تیمم کرے تو اس کا روزہ صحیح ہے۔

۱۰۸۔روزہ دار کے دانتوں سے خون نکلتا ہو اور وہ اسے دھونے کے لئے مجبور ہو اور اگر  دھوتے وقت اس کے گلے میں خون چلا جائے تو اس کے روزہ کا کیا حکم ہے؟
روزہ کی حالت میں منہ اور دانتوں کو دھونے میں کوئی حرج نہیں ہے،لیکن دھونے کے بعد بہتر یہ ہے کہ تین مرتبہ تھوکے تا کہ وہ مطمئن ہو جائے کہ منہ میں پانی باقی نہیں رہا  اور اگر خون بے اختیار اور بھولے سے حلق میں چلا جائے تو اس سے روزہ باطل نہیں ہوتا۔

۱۰۹۔ماہ رمضان میں دانتوں کی بھرائی کرنے کا کیا حکم ہے؟

ڈاکٹروں کے لئے ماہ رمضان میں دانتوں کی بھرائی کرنا،ان کی صفائی کرنا اور دانتوں کو نکالنے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن روزہ دار کے لئے اسی صورت میں جائز ہے کہ جب وہ مطمئن ہو کہ  خون یا مشین کے ذریعہ منہ میں ڈالا جانے والا پانی  حلق میں نہیں جائے گا۔

۱۱۰۔اگر روزہ دار نامحرم کو دیکھے تو کیا اس کا روزہ باطل ہے؟

روزہ صحیح ہے؛لیکن اس گناہ سے توبہ کرے اور اس امر کی جانب توجہ کرے کہ جس طرح روایات میں وارد ہوا ہے کہ روزہ  صرف کھانے اور پینے سے پرہیز کرنا ہی نہیں ہے  بلکہ آنکھ،کان،زبان،دل اور تمام اعضاء کا بھی روزہ ہونا چاہئے اور گناہ و معصیت سے محفوظ رہنا چاہئے ورنہ روزہ کا ثواب اور اہمیت کم ہو جائے گی۔

۱۱۱۔اگر کسی شخص کو استمناء کے حکم اور اس کے حرام ہونے کے بارے میں علم نہ ہو اور وہ غسل کے بغیر ہی نماز اور روزہ بجا لاتا ہو تو اس  کا کیا حکم ہے؟

جب وہ استمناء کرتا تھا،اگر وہ واقعاً اس وقت مسئلہ کے حکم کو نہیں جانتا تھا  اور اس نے تحقیق اور سوال میں کوتاہی نہ کی ہو تو اس کے روزہ کی قضا نہیں ہے لیکن غسل کے بغیر پڑھی جانے والی نمازوں کی قضا بجا لائے۔

۱۱۲۔میں نے رات کو روزہ رکھنے کا قصد کیا لیکن سحری کے وقت بیدار نہیں ہوپایاکہ میں روزہ کی نیت کروں ، اور میں طلوع آفتاب کے قریب نیند سے بیدار ہوا تو کیا میرا روزہ صحیح ہے؟

اگر آپ نے روزہ کو باطل کرنے والا کوئی عمل انجام نہ دیا ہو تو آپ کا روزہ صحیح ہے۔

۱۱۳۔اگر ماہ رمضان میں کسی رات مجنب ہو جائے اور اذان صبح کے نزدیک تک غسل کرنے میں تأخیر کرے  اور پھر تیمم کر لے تو کیا اس کا روزہ صحیح ہے؟

غسل کرنے میں تأخیر کرنا گناہ و معصیت ہے ۔لیکن مذکورہ سوال میں عمداً غسل کرنے میں تأخیر کی گئی ہے ،لہذا تیمم کرکے  روزہ رکھے اور اس کی قضا بھی بجا لائے۔

۱۱۴۔اگر کوئی عورت اذان صبح کے وقت روزہ نہ رکھنے کاعذر رکھتی  ہو لیکن طلوع آفتاب سے پہلے وہ پاک ہو جائے اور غسل کر لے تو کیا اس کا روزہ صحیح ہے؟

مذکورہ سوال میں چونکہ اذان صبح تک عذر باقی تھا لہذا اس کا روزہ صحیح نہیں  ہے کہ جس طرح اگر اذان مغرب سے کچھ دیر پہلے حیض ہو جائے تو اس کا روزہ باطل ہے۔

۱۱۵۔اگر ماہ رمضان میں غسل جنابت کرنا بھول جائے اور کچھ دنوں کے بعد یاد آئے تو اس کا کیا حکم ہے؟

ان چند دنوں کے روزے کی قضا بجا لائے لیکن کفارہ نہیں ہے۔

۱۱۶۔جب میں روزہ رکھوں تو میرا جسم شدید سست ہو جاتا ہے اور میں کوئی کام نہیں کر سکتا جیسے درس پڑھنا وغیرہ، اس صورت میں مجھے کیا کرنا چاہئے؟
اس طرح کا ضعف اور سستی روزہ کا لازمہ ہے  جو بعض لوگوں کو درپیش ہوتا ہے  لہذا اس کی وجہ سے روزہ نہیں چھوڑ  سکتے  ۔آپ سحری میں مقوی غذائیں کھائیں اور رات کو کچھ زیادہ سوئیں تا کہ اس مشکل سے دچار نہ ہوں۔

۱۱۷۔میں نے ماضی میں کچھ روزے نہیں رکھے اور اب میں معدہ کی بیماری میں مبتلا ہوں ،تو میں ان کی قضا کیسے بجا لاؤں؟
ان کا کفارہ ادا کریں اور گذشتہ روزوں کی قضا بھی بجا لائیں ،البتہ ان کی قضا پے در پے بجالانا ضروری نہیں ہے ۔جب بھی قادر ہوں ان کی قضا انجام دیں۔اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو ان کی قضا انجام دینے کے لئے وصیت کریں ۔ اوراگر  اس سال بھی ماہ رمضان کے روزے رکھنے پر قادر نہ ہوں تو روزہ رکھنا واجب نہیں ہے ،بلکہ فقط ان کا کفارہ ادا کریں۔

۱۱۸۔تازہ بالغ ہونے والی لڑکیاں سب روزے رکھنے کی طاقت نہیں رکھتیں،انہیں کیا کرنا چاہئے؟

ماہ رمضان میں جتنے روزے رکھ سکتی ہیں ،اتنے روزے رکھیں اور بقیہ روزوں کی پورے سال کے دوران تدریجاً قضا بجا لائیں ۔اور اگر روزہ نہیں رکھ سکتیں تو کفارہ(ہر روزہ کے لئے ایک مد ،تقریباً ۷۵۰ گرام طعام)دینا کافی ہے اور آئندہ سالوں میں ان کی قضا بھی بجا لائیں۔

۱۱۹۔ کیا سفر کی حالت میں ماہ رمضان کے روزوں کی قضا بجا لاسکتے ہیں؟

سفر میں ماہ رمضان کے روزے رکھنا اور ان کی قضا بجا لانا جائز نہیں ہے مگر یہ کہ دس دن رہنے کا قصد ہو۔

۱۲۰۔ اگر کسی کو یہ علم ہو کہ وہ ہفتہ کے آخر تک اپنے وطن واپس آ جائے گا تو کیا وہ دس دن کا قصد کر کے سفر میں روزے رکھ سکتا ہے؟
اگر کسی کو علم ہو کہ وہ ہفتہ کے آخر تک واپس آجائے گا اور دس دن رہنے کا محکم ارادہ نہیں ہے ،تو دس دن رہنے کی نیت و قصد کرنا صحیح نہیں ہے اور روزہ باطل ہے۔

۱۲۱۔اگر سفر میں سحری کریں اور اسی دن وطن واپس آ جائیں تو کیا  اس دن کاروزہ رکھ سکتے ہیں؟

اگر ظہر کی اذان سے پہلے وطن کی حد ترخص(جہاں سے شہر کی اذان سنائی دے)تک پہنچ جائیں  اور سفر کے دوران روزہ کو باطل کرنے والا کوئی عمل انجام نہ دیا ہو تو روزہ کی نیت کریں اور اس دن کاروزہ  صحیح ہے۔

۱۲۲۔ایک ایسی بیماری ہے کہ جس کے لئے دن میں صرف ایک گولی کھانی پڑتی ہے ،تو کیا وہ روزہ رکھ سکتا ہے ،اور کیا اس پر روزہ واجب ہے؟

اگر علاج و معالجہ کے لئے دن میں دوائی کھانا ضروری ہو تو اس پر روزہ واجب نہیں ہے بلکہ بعد میں ان کی قضا بجا لائے۔

۱۲۳۔اگر میرا روزہ ہو اور میری ماں مجھے کھانا کھانے پر مجبور کرے تو کیامیرا  روزہ باطل ہے؟

کھانا اور پینا روزے کو باطل کر دیتا ہے ،چاہے وہ کسی شخص کے اصرار یا درخواست کی وجہ سے ہی کیوں نہ ہو۔

۱۲۴۔کیا موسیقی سننے اور نامحرم کو دیکھنے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے؟

مذکورہ گناہوں سے روزہ باطل نہیں ہوتا لیکن روزہ کا ثواب کم ہو جاتا ہے۔

۱۲۵۔اگر ماہ رمضان میں کوئی چیز کھانے کا ارادہ کرے لیکن کھانے سے پہلے منصرف ہو جائے تو اس کے روزے کا کیا حکم ہے؟

روزہ میں کھانے کا ارادہ کرنے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے لیکن افطار کے وقت تک روزے کو باطل کرنے والا کوئی عمل نہ بجالائے ،اور بعد میں اس روزہ کی قضا بھی بجا لائے۔

۱۲۶۔اگر روزے کی حالت میں بھولے سے کوئی چیز کھا لیں تو کیا روزہ باطل ہو جائے گا۔

نہیں؛روزہ باطل نہیں ہو گا۔ ماہ رمضان ،قضا اور مستحب روزے کے لحاظ سے اس میں کوئی فرق نہیں ہے۔

روزہ کے کفارے کے مسائل

۱۲۷۔اگر کوئی جان بوجھ کر ماہ رمضان کا روزہ افطار کرے تو کیا وہ روزہ کے کفارے کی بجائے بعض امور خیریہ میں صرف کر سکتا ہے اور پھر اپنے گناہ سے استغفار کر لے؟

اگر کوئی عمداً اپنا روزہ افطار کرے تو وہ قضا کے علاوہ کفارہ بھی ادا کرے اور اس کا کفارہ ۶۰ دن روزے رکھنا یا ۶۰ مساکین کو کھانا کھلانا یا ایک غلام آزاد کرنا ہے۔

جی ہاں!اگر ۶۰ مساکین کے کھانے کی قیمت کسی معتبر شخص یا ادارے کو دے تا کہ وہ اس کی وکالت میں ۶۰ مساکین کو کھانا کھلا ئے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

۱۲۸۔کیا روزوں کی قضا پے در پے ہونی چاہئے  اور اگر ایک سال گذر جائے تو کیا کفارہ بھی دینا چاہئے؟

یہ ضروری نہیں کہ روزوں کی قضا پے در پے  اور مسلسل ہو  مگر یہ کہ آئندہ ماہ رمضان تک  کے دنوں اورقضا  روزوں کی تعداد برابر ہو اور اگر کوئی ماہ رمضان کے روزوں کی قضا بجا لانے کے لئے ایک سال یا اس سے زیادہ تأخیر کرے تو روزوں کی قضا بجا لانے کے علاوہ ہر روزے کے بدلے ایک مد(تقریباً ۷۵۰ گرام) طعام یعنی گندم،آٹا یا چاول وغیرہ کفارے کے عنوان سے ادا کرے۔

۱۲۹۔کیا روزہ کا کفارہ ادا کرنے میں تأخیر ،کفارے میں اضافہ کا موجب بنتی ہے؟

نہیں؛چند سال گذرنے کے باوجود بھی روزے کے کفارے میں اضافہ نہیں ہوتا ۔آپ روزہ کا کفارہ  کسی فقیر کو گندم،آٹا یا چاول وغیرہ کی صورت میں یا پیسوں کی صورت میں مرجع تقلید کے دفتر میں دے سکتے ہیں اور مرجع کے دفتر میں یہ بھی بتائیں کہ یہ پیسے کفارہ کے عنوان سے ہیں تا کہ اس سے اجناس خرید کر فقراء میں تقسیم کی جا سکیں۔

اعتکاف کے مسائل:

۱۳۰۔کیا معتکف اعتکاف کے تین دن کے روزوں کونذر،قضا یا کفارے کے عنوان سے شمار کر سکتا ہے؟
جی ہاں!معتکف قضا،کفارہ یا نذر کے روزوں کو اعتکاف میں بجا لا سکتا ہے اور یہ ضروری نہیں کہ روزہ بالخصوص اعتکاف کے لئے ہی ہو۔

۱۳۱۔کیا اعتکاف میں مسجد کا صحن بھی مسجد کا حکم رکھتا ہے؟

مسجد کے صحن پر مسجد کا حکم لاگو نہیں ہوتا مگر یہ کہ معلوم ہو جائے کہ مسجد کے صحن کو بھی مسجد کے عنوان سے وقف کیا گیا ہے۔

۱۳۲۔کیا نماز جمعہ میں شریک ہونے کے لئے اعتکاف کے مقام سے خارج ہو سکتے ہیں؟

ظاہراً یہ ان موارد میں سے ہے کہ جہاں اعتکاف کے دوران مسجد سے خارج ہو سکتے ہیں لیکن کم سے کم ضروری وقت کی رعائت جائے۔

۱۳۳۔کیا باپ کی اجازت کے بغیر بیٹے کا اعتکاف صحیح ہے؟

اگر والدین کی اذیت کا باعث نہ ہو تو اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

۱۳۴۔اگر کوئی شخص اعتکاف کے تیسرے دن بیمار ہو جائے یا کوئی اضطراری حالت پیش آ جائے تو کیا اعتکاف کو چھوڑ سکتا ہے؟
جب روزہ رکھنے سے معذور ہو تو اعتکاف باطل ہو جائے گالیکن اس کا کفارہ نہیں ہے۔

۱۳۵۔جامع مسجد کے علاوہ دوسرے مقامات(جیسے یونیورسٹی کا نماز خانہ)پر اعتکاف کا کیا حکم ہے؟

جامع مسجد کے علاوہ دوسرے مقامات پر اعتکاف جائز اور مشروع نہیں ہے اور اس پر اعتکاف کے احکام لاگو نہیں ہوتے ۔

جامع مسجد ایسی مسجد کو کہا جاتا ہے کہ جو کسی خاص گروہ یا کسی خاص قبیلہ سے مخصوص نہ ہو  اور وہاں مختلف اقوام کے لوگوں کی رفت و آمد ہو۔

۱۳۶۔کیا مکہ میں جانے والے لوگ مسجد الحرام میں معتکف ہو سکتے ہیں؟

اگر مکہ میں دس دن قیام کرنے کا قصد ہو ،یا سفر میں روزہ رکھنے کی نذر کی ہو تو اعتکاف میں کوئی اشکال نہیں ہے ،ورنہ روزہ صحیح نہیں ہے اور اعتکاف باطل ہے۔

۱۳۷۔کیا اعتکاف کے دنوں میں کلاس و درس میں شریک ہو سکتے ہیں؟

اعتکاف کے دوران کلاس و درس میں شریک ہونا جائز موارد میں سے نہیں ہے۔

(مرجع عالیقدر آیت الله العظمی صافی گلپایگانی حفظہ اللہ کی کتاب’’پاسخ بہ ۳۰۰ پرسش از احکام‘‘ سے اقتباس)

Sunday / 8 May / 2016