جمعه: 1403/01/31
Printer-friendly versionSend by email
مدینۂ منورہ میں معصوم بچے زکریا کی شہادت پر مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی دام ظلہ الوارف کے دفتر کی جانب سے تعزیتی پیغام

باسمه تعالی

قال الله الحکیم : وَ إِذَا الْمَوْؤُدَةُ سُئِلَتْ بِأَیِّ ذَنْبٍ قُتِلَتْ

سر زمین وحی مدینۃ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے معصوم و مظلوم اور عزیز بچے  زکریا کی شہادت کی غمناک ، المناک اور افسوسناک خبر موصول ہوئی ۔

یہ جرم اسلام اور انسانیت کے برخلاف پلید افکار رکھنے والے ایک شخص نے انجام دیا کہ جو  ظاہر طور پر انسان دکھائی دینے والے افراد کی خباثت کی عکاسی کرتا ہے  اور افسوس کا مقام ہے کہ کئی سال سے حرمین شریفین ، قرآن کریم کے نزول کے مرکز اور رحمۃ للعالمین پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے روضۂ مطہر کے جوار میں لوگوں کو گمراہی و ضلالت کی دعوت دی جا رہی ہے اور خدا سے دور کیا  جا رہا ہے ۔

کیا حیوانات سے بھی بدتر ان پلید افراد  کے ناپاک دلوں میں ذرّہ برابر بھی رحم اور شفقت نہیں پائی جاتی ؟!

اقوام متحدہ ، اسلامی ممالک کے حکمرانوں اور بالخصوص سعودی عرب نے اس وحشتناک جرم کے مقابلے میں کیوں خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اوروہ  اپنی اس خاموشی سے اس جرم کی تائید کر رہے ہیں ؟!

ہم اس غمگین اور المناک سانحہ پر شہید زکریا کے دردمند ماں باپ (جو اہل بیت نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے محب ہیں ) کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے ہیں اور خداوند متعال کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ خداوند متعال اس مصیبت عظمیٰ کے مقابلے میں انہیں صبر جمیل اور اجر جزیل عنائت فرمائے اور پوری دنیا میں ان ظالموں اور ستمگروں کو ان کے انجام تک پہنچائے اور مظلومین کی داد رسی کرتے ہوئے انہیں ظالموں کے شرّ سے نجات دے ؛ وَسَیَعْلَمُ الَّذِینَ ظَلَمُوا أَیَّ مُنْقَلَبٍ یَنْقَلِبُونَ

 قم المقدّسه

روز شهادت حضرت صدیقهٔ طاهره فاطمهٔ زهرا علیها السلام

دفتر حضرت آیه الله العظمی صافی گلپایگانی دام ظله الوارف

Sunday / 10 February / 2019