جمعه: 1403/01/10
Printer-friendly versionSend by email
امیر المؤمنین حضرت امام علی بن ابی طالب علیہما السلام کی شہادت کے چودہ سو سال کی مناسبت سے عالیقدر شیعہ مرجع حضرت آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی مدظلہ الوارف کا پیغام

بسم الله الرحمن الرحیم

سنہ ۱۴۴۰ ہجری کا ماہ مبارک رمضان عالمِ انسانیت کی تاریخ اور حیاتِ بشری میں بہت ہی ناگوار اور تلخ سانحہ کی یاد دلاتا ہے ۔

اس سال مکتب اسلام کے پہلے حقیقی و واقعہ موحّد ، مدرسۂ الٰہیات قرآن کے  بے مثال اور نمونہ معلم ، حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے برحق وصی و جانشین ، عدالتِ مجسم ، مظلوموں کے یاور اور ظالموں کے دشمن ، یتیموں کے انیس و مونس اور پدر ، صاحب ولایت مطلقهٔ الهیه ، باب مدینۃ العلم نبوی اور صاحب کرامات و فضائل مرتضوی حضرت امیر المؤمنین علی ابن ابیطالب علیهما ‌السلام کی شہادت کو چودہ سو سال گذر جائیں گے ۔

چودہ سو سال سے اسلامی معاشرہ بلکہ دنیائے انسانیت اور عالم علم و ادب اس امام عزیز کے فقدان و جدائی اور غمگناک و اندوہناک مصیبت پر عزادارو سوگوار ہے ۔

ان چودہ صدیوں میں امیر المؤمنین حضرت امام علی بن ابی طالب علیہما السلام کے دوستوں ، محبّوں اور شیعوں پر کیا گذری ؟ ان پر کیسے کیسے ظلم و ستم اور بے انصافیاں روا رکھی  گئیں ؟ ہزاروں مظلوم اور نہتھے  انسانوں کو صرف علی علیہ السلام کا شیعہ ہونے کے جرم میں شہید کیا گیا ، بہت سے لوگوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، بے شمار افراد کو ملک بدر کر دیا گیا ، اور بڑی تعداد میں والدین کو راہِ ولایت میں ان کے بیٹوں کی شہادت پر سوگوار بنایا گیا ؛ فَقُتِلَ مَن قُتِلَ وَ سُبِی مَن سُبِی وَ أقصِی مَن أقصِی۔

اس سال کا ماہ رمضان المبارک ان تمام مصائب ، مشکلات اور نا انصافیوں کی یاد تازہ کر دیتا ہے ۔

بندۂ حقیر ولایت و امامت کی بارگاہ میں چھوٹی سی ذمہ داری کو ادا کرنے کی غرص سے تمام حریت پسندوں ، مسلمانوں اور بالخصوص شیعوں سے درخواست کرتا ہوں کہ ماہ مبارک رمضان کے پُر فیض ایّام ، شبِ قدر کی راتوں اور حضرت مولی الموحدین امام المتقین امیر المؤمنین علی علیہ صلوات المصلین کی شہادت کے دن آپ  کی بارگاہ میں پہلے سے زیادہ ادب و اخلاص کا اظہار کریں ۔ اور اس مظلوم امام کے نورانی فضائل و مناقب کو بیان کریں ۔ مجالس عزاء ، سیمینار اور کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے سے دنیا کے سامنے آپ کے وجود کی برکات کو آشکار کریں ۔ اسی طرح عزاداری علوی کے ماتمی جلوسوں اور دستوں کی عظمت میں بھی اضافہ کریں اور ان میں شرکت کر کے اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام سے اپنی محبت و عقیدت اور عشق کا اظہار کریں اور یگانه دوران قطب عالم امکان امام زمان حضرت بقیة الله الاعظم ارواح العالمین له الفداء و عجل الله تعالی فرجه الشریف کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کریں اور خداوند متعال سے امام عصر جل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے  فرج و ظهور موفور السرور ، ظالموں کے ظلم کے خاتمے اور واحد عالمی مہدوی حکومت کی تشکیل کے لئے دعا کریں ، کیونکہ ؛ إنَّهُم یَرَونَه بَعیداً وَ نَراهُ قَریباً.

لطف الله صافی
رمضان المبارک سنہ ۱۴۴۰ ہجری

 

Thursday / 16 May / 2019