جمعه: 1403/01/10
Printer-friendly versionSend by email
سحر و جادو کے متعلق ایک سوال کا جواب

 

بسمه تعالی

محضر مبارک مرجع عالیقدر شیعیان عالم حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی مدظلہ العالی؛

السلام علیکم

 چند ماہ قبل میری ایک ایسے شخص سے ملاقات ہوئی جو اس بات کا دعویدار تھا کہ اس کا جنات سے رابطہ ہے ، اس نے مجھ سے کہا کہ میری زندگی کی تمام مشکلات اس وجہ سے ہیں کہ مجھ پر جادو کر دیا گیا ہے اور اس نے مجھے ایک دعا بھی تعلیم دی  اور مجھ سے یہ عہد کیا کہ اس سے مجھ پر ہونے والا طلسم اور جادو ختم ہو جائے گا ۔ اس نے چند اذکار و اوراد پڑھنے اور شیطان سے متوسل ہو کر اس کی مدح و ستائش کرنے کے بعد یہ دعویٰ کیا کہ اب مجھ پر ہونے والا طلسم اور جادو ختم ہو گیا ہے۔ اب میرا یہ سوال ہے کہ طلسم اور جادو کی کوئی حقیقت ہے ؟ اور اگر اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے بلکہ صرف دعویٰ  ہے تو پھر ایسے افراد کے ساتھ رابطہ رکھنے کا کیا حکم ہے ؟ شکریہ 

بسم الله الرحمن الرحیم

علیكم السلام و رحمة‌الله

 اگر سحر و جادو کی کوئی حقیقت ہو بھی تو موجودہ دور میں جو لوگ اس کا دعویٰ کرتے ہیں ،وہ صرف اس کے دعویدار ہی ہیں اور کسی پر طلسم اور جادو نہیں ہوتا اور مؤمن کو ان چیزوں کی پرواہ نہیں کرنی چاہئے۔

اس بات کی جانب توجہ رہے کہ انسان کی شخصیت کو بنانے میں معاشرت اور ہمنشینی کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لہذا مکمل دقت اور توجہ کرتے ہوئے ایسے افراد کی صحبت اور ہمنشینی اختیار کریں  کہ جن کی صحبت سے آپ کو روحانی و معنوی فائدہ ہو۔علمائے اعلام ، اہل تقویٰ ،زاہد ، پرہیزگار، ضعیف العمر اور تجربہ کار لوگوں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے سے عقل، دین اور ایمان میں اضافہ ہوتا ہے  اور اس کے بر خلاف فکری اعتبار سے منحرف لوگوں کی صحبت بہت ہی مضر اورنقصان دہ  ہوتی ہے ، اور انسان کی روح اور معنوی امور کے لئے برے لوگوں کی صحبت کا خطرہ زہر سے بھی زیادہ ہے ۔ 

اس لئے ایسے افراد کےمحافل اور جلسات میں شرکت  کرنے سے   سخت پرہیز کریں اور  اس کے برخلاف مذہبی مواعظ  پر مبنی محافل و مجالس ،علماء کی صحبت، دعا  وتلاوت قرآن کی محافل اور ایسی مجالس کو غنیمت شمار کریں کہ جن میں فضائل و مناقب اہلبیت علیہم السلام  بیان ہوتے ہوں ۔ مومن کو چاہئے کہ وہ  اپنی دعاؤں کی قبولیت کے لئے اہلبیت عصمت و طہارت علیہم السلام کے دامن سے متوسل ہو اور خداوند سبحان سے اپنی حاجت طلب کرے ۔  انشاء اللہ کامیاب و کامران رہیں۔ 

۱۵ رجب المرجب ۱۴۳۲ ہجری

Sunday / 26 February / 2017