جمعه: 1403/01/10
Printer-friendly versionSend by email
رجبیّون پر خدا کا سلام
ماہ مبارک رجب کی آمد کی مناسبت سے مرحوم آیت الله العظمی صافی گلپایگانی قدس سرہ کے نوشتہ جات سے اقتباس

 

بسم الله الرحمن الرحیم

سلام ہو ماه مبارک رجب پر ، سلام ہو رجبیّون پر ، سلام و تحیّات اور مغفرت و رحمت الٰہی ہو اس مہینے کے روزه داروں پر ، سلام ہو ان عزیزوں پر جنہوں نے «این الرجبیّون» کی ندا پر لبیّک کہا ، اور خداوند متعال کے سفرۂ رحمت پر بیٹھ کر خدا کی بیکراں نعمتوں سے بہرہ مند ہوئے ۔ خود پر ناز کریں، اس عظیم سعادت پر افتخار کریں ، اور خداوند منّان کا شکر بجا لائیں ۔

دنیا کی کون سے لذت کا ان معنوی حالات اور لذتوں سے موازنہ  کیا جا سکتا ہے ؟ کہاں ہیں وہ لوگ جو مادی عیش و عشرت اور دنیا کی جلد گر جانے والی گناہوں سے آلودہ لذتوں کے ساتھ تفریح میں مشغول ہیں ؟! أین الملوک و ابناء الملوک؟

کیا خداوند متعال کا تقرب حاصل کرنے اور انسانیت کے اعلیٰ مقام تک پہنچنے کے لئے مادی قدر و اہمیت  کو معین کیا جا سکتا ہے ؟ کیا ماہ رجب میں آپ روزہ داروں کے سحر و افطار کے پر فیض اور بابرکت لمحات کا دوسرے اوقات کے ساتھ موازنہ کیا جا سکتا ہے ؟ ہرگز نہیں ، ہرگز نہیں ! یہاں قرآن کریم کی آیۂ شریفہ پر تدبر و تفکر کرتے ہوئے اس کی تلاوت کرنی چاہئے : یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا اسْتَجِیبُوا لِلَّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُمْ لِمَا یُحْیِیكُمْ؛ اے ایمان والو ! خدا و رسول  کی آواز پر لبیک کہو ، جب وہ تمہیں اس  امر کی طرف دعوت دیں جس میں تمہاری زندگی ہے ۔

جی ہاں ! یہ ہے حقیقی حیات ، اور یہ ہے معنویت سے سرشار زندگی ، یہ ہے پاکیزہ روح ، تہذیب و تذکیۂ نفس اور خداوند متعال کا تقرب ، ہم خود کو وظائف الٰہی  کی انجام دہی کے لئے تیار کرتے ہیں اور پیغمبر رحمت ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی خدمت میں عرض کرتے ہیں کہ:

اس دور میں آپ کے بارہویں عزیز و نازنین فرزند حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف پردۂ غیبت میں ہیں ، اور ہم اپنے پورے وجود سے یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم  ایک جانثار اور فداکار سپاہی کی  طرح اسلام کے نورانی احکام اور اہل بیت علیہم السلام کے غنی معارف کی حمایت کرتے ہوئے اپنا فریضہ سمجھتے ہیں کہ اپنے سماج اور معاشرے میں امر بالمعروف اور نہی از منکر انجام دیں  اور اپنے دین سے بدعتوں اور منحرف مطالب کو نکال دیں  اور قطب عالم امکان اور ولی  دوران حضرت بقیۃ اللہ الأعظم عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور پرنور تک اپنے لئے اس افتخار کو محفوظ کریں ۔

میرے عزیزو ! ان گرانبہا اوقات کو غنیمت شمار کرتے ہوئے اپنے لئے ، دوسروں کے لئے ، دشمنان اسلام سے اسلامی ممالک کی نجات کے لئے اور  دنیا بھر کے مسلمانوں کی کامیابی و سربلندی کے لئے دعا کریں  اور خدا کی بارگاہ میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کی دعا کریں ۔  أللّهم عجّل و قرّب زمانه و اجعلنا مِن اَعوانه واَنصاره آمین ربّ العالمین.

آپ سب سے دعا کی التماس ہے ۔

Saturday / 18 February / 2023